یونیورسٹی آف مظفرگڑھ کی منظوری: اہلیانِ مظفرگڑھ کا دیرینہ خواب پورا ہوا

university of Muzaffargarh

یونیورسٹی آف مظفرگڑھ کی منظوری: تعلیمی انقلاب کی نئی امید

امید نیوز – مظفرگڑھ کی عوام کے دیرینہ خواب کی تکمیل ، پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن اور رکن صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے یونیورسٹی آف مظفرگڑھ کی منظوری کی تاریخی خبر کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مظفرگڑھ کے ہر طبقہ فکر کی اجتماعی جدوجہد کا ثمر ہے۔انہوں نے قومی اور صوبائی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خصوصاً سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، موجودہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ چوہدری احسن اقبال اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان کے تعاون کو سراہا۔

اجمل خان چانڈیہ نے بتایا کہ یونیورسٹی کا قیام ان کے سیاسی کیریئر کا اہم ترین ایجنڈا رہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایک جامع تحریک چلائی جس میں ضلع بھر کے دانشوروں، سول سوسائٹی، قانون دانوں، تاجر برادری، سابق تعلیمی اداروں کے سربراہان، صحافیوں اور بالخصوص نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
اجمل خان چانڈیہ نے اس منصوبے کے لیے چلائی گئی تحریک میں شامل تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا، جن میں سول سوسائٹی کے چیئرمین ملک خیر محمد بدھ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، تاجر برادری، سابق پرنسپلز، صحافی اور خصوصاً نوجوان شامل ہیں۔ انہوں نے مظفرگڑھ کے تمام سیاسی نمائندوں کی کاوشوں کو بھی سراہا، جن میں ایم این اے سردار عامر طلال خان گوپانگ، حناء ربانی کھر، نوابزادہ افتخار احمد خان، ایم پی اے سید سبطین شاہ بخاری، سردار عون حمید ڈوگر، رانا عبدالمنان ساجد اور نواب خان گوپانگ شامل ہیں۔

اس منصوبے کی خصوصیات کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ:
یونیورسٹی آف مظفرگڑھ انڈیپنڈنٹ یونیورسٹی ہوگی جس کا کسی کالج سے تعلق نہ ہوگا۔ یونیورسٹی کیلئے الگ زمین کا تعین ہوچکا ہے۔ وفاق اور صوبہ پنجاب کے اشتراکی بجٹ سے یونیورسٹی آف مظفرگڑھ کا انفراسٹرکچر بنے گا۔ ایج ای سی اور ایچ ای ڈی مشترکہ طور پر پلاننگ سے امور آگے بڑھائیں گے۔

اجمل خان چانڈیہ نے خاص طور پر زور دیا کہ یونیورسٹی کا تعلیمی نصاب جدید تقاضوں کے عین مطابق ہوگا جس میں:
– جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی
– مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مندی (اسکل ڈویلپمنٹ) کے پروگرامز ہوں گے
– بین الاقوامی معیار کی ڈگریاں پیش کی جائیں گی
– روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے کورسز ترجیحی بنیادوں پر شروع کیے جائیں گے

انہوں نے قومی اور صوبائی قیادت کے تعاون کو سراہتے ہوئے خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر وزراء کا شکریہ ادا کیا۔ چانڈیہ نے ضلع کے تمام سیاسی نمائندوں کی مشترکہ کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

آخر میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ یونیورسٹی صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ مظفرگڑھ کی ترقی کا نیا باب ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم منصوبے کو اپنا سمجھتے ہوئے اس کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے