سوشل میڈیا پریس کلب مظفرگڑھ کا قیام: صحافیوں اور عوام کے لیے نئی امید
مظفرگڑھ میں سوشل میڈیا پریس کلب کا قیام، عثمان خان خٹک اور ذیشان اکبر نقاش سوشل میڈیا پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران منتخب
امید نیوز – مظفرگڑھ ضلع مظفرگڑھ میں صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کے لیے ایک نئی تنظیم "سوشل میڈیا پریس کلب” کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے ممتاز صحافیوں اور سوشل میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
چیف آرگنائزر نذیر لاشاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کلب نہ صرف صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرے گا بلکہ ضلع کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ یہ کلب ضلع کی تمام تحصیلوں تک اپنی خدمات پہنچائے۔
تنظیم کے پہلے صدر کے طور پر عثمان خان خٹک اور جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ذیشان اکبر نقاش منتخب ہوئے ہیں۔ سرپرست اعلیٰ اے بی مجاہد نے نئے عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنا کر انہیں مبارکباد دی۔
سینئر صحافی ماجد رحیم خانزادہ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ "یہ کلب صحافت کے معیارات کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا”۔ انہوں نے نئے عہدیداران کو اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھانے کی تلقین کی۔
نذیر لاشاری نے مزید بتایا کہ "کلب کی تمام عہدیداران کی تقرری میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ صحافیوں اور سوشل میڈیا نمائندوں کو اس میں شامل کیا جائے۔
یہ کلب صحافیوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ضلع کے عوامی مسائل کو بھی اجاگر کرے گا اور متعلقہ حکام تک ان کی آواز پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔ نئے عہدیداران نے عزم کیا ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو پورے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔