ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر مظفرگڑھ ریسکیو کی موک ایکسرسائز
یسکیو 1122 مظفرگڑھ نے سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر فرضی مشقوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا
مظفرگڑھ (امید نیوز) سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی جانب سے دریائے چناب کے مغربی کنارے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قرت العین میمن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔

مشقوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجرا، اور پی ڈی ایم اے کے کوآرڈینیٹر عرفان سیال سمیت دیگر اہم شخصیات موجود رہیں۔ لائن ڈیپارٹمنٹس جیسے سول ڈیفنس، ہیلتھ، لائیو سٹاک اور رفاہی تنظیموں (دوآبہ فائونڈیشن، ایف ڈی او، سانجھ فائونڈیشن) نے بھی سٹالز لگا کر اپنی خدمات کا تعارف کرایا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے ڈپٹی کمشنر کو ریسکیو 1122 کی سیلاب کے حوالے سے تیاریوں اور خطرے والے مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کے اندازوں کے مطابق اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ہے، اس لیے یہ مشقیں اداروں کی کارکردگی اور باہمی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے منعقد کی گئی ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کرنے، کشتی رانی، ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانے، میڈیکل فرسٹ ایڈ، تیراکی اور غوطہ خوری جیسی مشقوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر قرت العین میمن نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو "مشعلِ راہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی مشقوں سے اداروں کی استعداد کار کا اندازہ ہوتا ہے، جس سے کمیوں کو بروقت دور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دیگر محکموں کے کنٹیجنسی پلانز کا جائزہ لیا اور ریسکیو ٹیم کی بہترین کارکردگی پر انہیں شاباش دی۔
انجینئر عبیداللہ خان نے کہا کہ اگر سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی تو فوری وارننگ جاری کر کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
یہ مشقیں مظفرگڑھ میں سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر انتظامیہ کی سنجیدہ کوششوں کا عکاس ہیں، جس کا مقصد عوامی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔