ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کا نوٹس ، فیاض پارک میں نئی آیات مقدسہ نصب
ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کے ہدایت پر فیاض پارک میں ٹوٹی ہوئی آیات مقدسہ کی ٹائلز کی بحالی مکمل

مظفرگڑھ ( امید نیوز ) شہر کے مرکزی پارک، فیاض پارک، میں نصب قرآن پاک کی آیات پر مشتمل ٹائلز کے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قرآۃ العین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے نئی ٹائلز لگانے کا حکم دیا۔

تفصیلات کے مطابق، فیاض پارک کے سٹور پر لگی آیات مقدسہ کی ٹائلز عرصے سے خراب ہو چکی تھیں، جس پر عوام کی جانب سے بے حرمتی کی شکایات موصول ہوئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع کونسل کے افسران کو طلب کیا اور انہیں فوری کارروائی کا پابند بنایا۔

چیف آفیسر ضلع کونسل نے انجینئرنگ برانچ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کام تیز کرنے کی تاکید کی۔ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ نے ریکارڈ وقت میں نئی خوبصورت ٹائلز نصب کر دیں، جس سے پارک کی رونق بحال ہو گئی۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے فوری اقدامات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ مقدس آیات کی حرمت کا خیال رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو اس معاملے میں پوری طرح کامیاب رہی۔