مظفرگڑھ: ماحولیاتی تحفظ کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے ، ڈپٹی کمشنر
مظفرگڑھ: ماحولیاتی تحفظ کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے ، ڈپٹی کمشنر
مظفرگڑھ (امید نیوز) عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے زور دے کر کہا کہ ماحولیاتی آلودگی ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی اور وسیع پیمانے پر شجرکاری سے ہی پاکستان کو آب و ہوا کے بحران سے بچایا جا سکتا ہے۔

ضلع کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صاف اور سرسبز پنجاب کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں اس سال 20 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں، جبکہ نئی شاہراہوں کے اخراجات کا ایک فیصد حصہ شجرکاری پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ نہروں کے کناروں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر درخت لگا کر ماحول کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سیمینار کے دوران انہوں نے ماحولیات کے تحفظ پر مبنی دو نظمیں شجر تو کٹ گئے اور سایہ ہم سے چھن گیا اور آئیے مل کر عہد کریں، پھر سے چمن آباد کریں بھی سنائیں، جس میں شہریوں سے ماحول دوست عادات اپنانے کی اپیل کی گئی۔

ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے صرف پالیسی سازی کافی نہیں، بلکہ اس پر عملدرآمد اور عوامی شعور بیدار کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے ضلعی سطح پر ماحولیاتی تھنک ٹینک قائم کرنے کی تجویز پیش کی اور بتایا کہ پنجاب حکومت نے پہلی کلائمیٹ پالیسی، انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس اور سموگ کے خلاف گاڑیوں کی امیشن ٹیسٹنگ جیسے اقدامات کئے ہیں۔
تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر اور دیگر معزز مہمانوں نے عوام میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے اور فیاض پارک میں اوپن ائیر پبلک لائبریری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایک عہدنامہ پر دستخط بھی کئے گئے، جس میں پلاسٹک کے استعمال میں کمی، زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ماحول دوست عادات اپنانے کا عہد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کی گئی مشق کا معائنہ کیا، جس میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشنز اور طبی امداد کا مظاہرہ کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خورشید آباد کا دورہ کرتے ہوئے طلباء و طالبات میں پودے تقسیم کئے اور ماحولیات کے موضوع پر تقاریر اور وال پینٹنگ مقابلہ جات کا بھی جائزہ لیا۔
تقریب میں ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیہ، سی ای او ماہ جبین، اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجرا، سی او ضلع کونسل انعم معصومہ، ڈی او ماحولیات عبدالرؤف، پروفیسر ظفر گوندل، پروفیسر فیاض حسین، ام کلثوم سیال اور دیگر سرکاری افسران و اساتذہ کی کثیر تعداد موجود رہی۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دے کر کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہر شہری کو اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے بجائے کپڑے کے تھیلے استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔