مظفرگڑھ: میپکو نے موسمِ باراں میں بجلی کے حادثات سے بچاؤ کی ہدایات جاری کردیں
امید نیوز – مظفرگڑھ سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل مظفرگڑھ، انجینئر ساجد حسین گوندل نے صارفین کو موسمِ باراں میں بجلی سے متعلقہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صارفین بجلی کے کھمبوں، تاروں اور ٹرانسفارمرز کے قریب کھڑے ہونے، انہیں چھونے یا ان کے نیچے گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں۔
انجینئر ساجد حسین گوندل نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ:
– گیلے ہاتھوں یا گیلا کپڑا پہن کر بجلی کے سوئچز، تاروں یا آلات کو ہرگز نہ چھوئیں۔
– کپڑے خشک کرنے کے لیے دھاتی تار کی بجائے پلاسٹک کی رسی استعمال کریں اور اسے بجلی کے کھمبوں یا پانی کے پائپوں سے نہ باندھیں۔
– بجلی کی ہائی وولٹیج لائنز اور ٹرانسفارمرز کے نیچے غیرقانونی تعمیرات، سٹالز یا ریڑھیاں لگانے سے پرہیز کیا جائے۔
– دیواروں میں سوراخ کرتے وقت یا کیل لگاتے وقت یقینی بنائیں کہ دیوار کے اندر بجلی کی کوئی زیرِ زمین تار موجود نہ ہو۔
– پانی کی موٹر لگاتے وقت چیک کریں کہ اوپر بجلی کی تاروں سے اس کا کوئی رابطہ نہ ہو۔
انہوں نے صارفین کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بجلی کی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں اور فوری طور پر متعلقہ سب ڈویژن، ڈویژن یا سرکل کے کسٹمر سروس سنٹر کو اطلاع دیں۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر نے میپکو کے تمام افسران اور عملے کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی، شکایات کے ازالے اور حفاظتی اقدامات کے لیے سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ایس او پیز اور اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جائے۔
میپکو کی جانب سے جاری کردہ ان ہدایات کا مقصد عوام کو بجلی کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنا اور موسمِ برسات میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔