مظفرگڑھ میں عاشورہ محرم الحرام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فرضی مشق کا انعقاد
مظفرگڑھ عاشورہ محرم الحرام کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے جامع فرضی مشق کا اہتمام کیا گیا۔ یہ مشق امام بارگاہ سجادیہ ٹبی حسین آباد میں منعقد ہوئی، جس میں پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے فعال کردار ادا کیا۔
امید نیوز – ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن اور ڈی پی او رضوان احمد نے فرضی مشقوں کا معائنہ کیا اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عاشورہ کے تمام جلوسوں اور جلسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔

فرضی مشق کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ حملے، آگ لگنے کی صورت میں فوری ردعمل اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیتی کارروائیوں کو دہرایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ضلع میں پائیدار امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈی پی او رضوان احمد نے بتایا کہ پولیس فورسز کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ عاشورہ کے دوران تمام اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، جبکہ جلوسوں اور جلسوں کو سی سی ٹی وی کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رضاکاروں کو بھی ضروری تربیت دی جا چکی ہے اور ضلع بھر میں امن و امان کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

فرضی مشق کے موقع پر ڈی او ریسکیو 1122 انجینئر عبیدالرحمٰن، اے سی عرفان ہنجرا، قاری عبدالغنی ثاقب، غضنفر عباس نقوی اور دیگر معزز علما و عمائدین بھی موجود تھے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی غیرمتوقع صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔