مجھ پر 15 گز کے فاصلے سے حملے کی کوشش؛ ’فائرنگ کا ایران تنازع سے کوئی تعلق نہیں‘ ٹرمپ
وائٹ ہاؤس پریس ڈنر میں فائرنگ: ٹرمپ پر 15 گز کے فاصلے سے حملے کی کوشش ناکام، مسلح حملہ آور گرفتار،واقعے کا ایران جنگ سے کوئی تعلق نہیں، سیکریٹ سروس نے بروقت کارروائی کر کے ہزاروں جانیں بچائیں: امریکی صدر کی پریس کانفرنس
واشنگٹن (امید نیوز):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ہفتے کی رات وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم صدر ٹرمپ اور دیگر شرکا محفوظ رہے جبکہ سیکریٹ سروس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔واقعے کے بعد میڈیا نمائندوں سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ مشتبہ شخص نے محض 15 گز کے فاصلے سے حملے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس حملے کا ہدف میں ہی تھا، تاہم ان کا ماننا ہے کہ اس شوٹنگ کا ایران جنگ سے کوئی تعلق نہیں۔واقعے کے لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی حیرت انگیز لمحہ تھا۔ ابتدا میں ٹرے گرنے جیسی زوردار آوازیں سنائی دیں، میں دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ کیا ہوا ہے کہ اسی دوران میلانیا نے فوراً کہا کہ یہ "بری آواز” ہے۔صدر ٹرمپ کے مطابق مشتبہ شخص بھاری ہتھیاروں سے لیس تھا اور اس نے سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹ سروس کی فوری اور بہادرانہ کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے بروقت اقدام کر کے ہزاروں افراد کی جانیں بچائیں۔ فائرنگ کے دوران ایک اہلکار کو گولی بھی لگی تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اس بہادر اہلکار سے خود بات بھی کی ہے۔گرفتار حملہ آور کے حوالے سے امریکی صدر نے تصدیق کی کہ اس کا تعلق ریاست کیلیفورنیا سے ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے جلد یہ معلوم کر لیں گے کہ آیا یہ واحد شوٹر تھا یا اس کے دیگر ساتھی بھی تھے۔ انہوں نے سیاسی کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں میں یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ری پبلکنز پر اس طرح کا حملہ ہوا ہو۔قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا کہ ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے واقعات سے ڈر کر ہم اپنی تقریبات منسوخ نہیں کریں گے بلکہ آئندہ 30 دن کے اندر اس سے بھی بڑی تقریب کا انعقاد کریں گے۔