پنجاب حکومت کی2 سالہ کارکردگی پر مبنی سروے رپورٹ جاری
پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر مبنی ایک اہم سروے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق عوام کی بڑی تعداد نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ سروے رپورٹ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (IPOR) کی جانب سے جاری کی گئی، جس میں صوبے بھر کے شہریوں کی رائے کو شامل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 69 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ اتنی ہی شرح نے پنجاب کی ترقی کو درست سمت میں پیش رفت قرار دیا۔
سروے میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو بھی مثبت انداز میں سراہا گیا، جہاں 32 فیصد افراد نے اسے "آؤٹ اسٹینڈنگ” جبکہ 31 فیصد نے "گڈ” قرار دیا۔
سیاسی مقبولیت کے حوالے سے سروے میں مسلم لیگ (ن) کو 42 فیصد عوامی حمایت حاصل رہی۔
حکومتی منصوبوں میں "ستھرا پنجاب پروگرام” 33 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ویمن ویلفیئر اور پروٹیکشن کو 30 فیصد، پبلک ٹرانسپورٹ کو 29 فیصد اور تعلیم کے شعبے کو 27 فیصد افراد نے نمایاں قرار دیا۔
مزید برآں، 26 فیصد شرکاء نے امن و امان کی صورتحال جبکہ 25 فیصد نے انفراسٹرکچر میں بہتری کو سراہا۔
عمر کے لحاظ سے دیکھیں تو 18 سے 40 سال کے 69 فیصد افراد نے حکومتی کارکردگی پر مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
اسی طرح، 56 فیصد افراد نے سینی ٹیشن اور بلدیاتی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔