13 سال کا گند 3 ماہ میں صاف کریں گے: گورنر خیبر پختونخوا
پالیسی اب جلال آباد نہیں اسلام آباد سے آئے گی، کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
امید نیوز (ڈیسک):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح اور سخت پالیسی کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کا امن خراب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خیبر پختونخوا کی پالیسی اور فیصلے اب جلال آباد کے بجائے اسلام آباد سے ہوں گے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سالوں میں ہونے والی کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا اور 3 ماہ کے اندر اصلاحات نافذ کی جائیں گی، جبکہ مقدمات میں نامزد اور کرپٹ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
اجلاس کے اہم فیصلے:
پولیس و CTD کی تقویت: پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کو تمام ضروری وسائل فوری فراہم کرنے کی منظوری۔
مراعات میں اضافہ: آئی جی اور چیف سیکرٹری کو پولیس کی تنخواہوں اور شہداء پیکیج میں اضافے کی ہدایت۔
وفاق سے تعاون: وفاق کے ساتھ تصادم کی پالیسی کے خاتمے اور مکمل ہم آہنگی کا عزم۔ گورنر کے پی نے واضح کیا کہ صوبے میں بدامنی اور عدم استحکام کا دور ختم ہو چکا ہے اور صوبے کی بہتری کے لیے تمام ضروری انتظامی و قانونی قدم اٹھائے جائیں گے۔