کم بارشیں اورغیرمعمولی حد تک بڑھتا درجہ حرارت: محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
کم بارشیں اورغیرمعمولی حد تک بڑھتا درجہ حرارت پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے لیے خطرے کی گھنٹی بن گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ فروری میں معمول سے کم برفباری اور درجہ حرارت میں 5 ڈگری تک اضافے کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے یعنی گلوف کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت، غذر، ہنزہ، پونجی، چلاس اور استور ان حساس ترین علاقوں میں شامل ہیں، جہاں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث نشیبی علاقوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ جب کہ فروری سے اپریل تک مزید گرمی کی پیشگوئی نے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی جھیل کے اچانک پھٹنے کی صورت میں سیلابی ریلے آبادیوں، سڑکوں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور مقامی آبادی کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، کیونکہ بدلتا موسم اب پہاڑوں میں ایک نئے بحران کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان میں بڑی تباہی مچائی تھی۔ گلیشیئر پھٹنے اور سیلابی ریلوں سمیت طوفانی بارشوں کے سبب ایک ہزار کے قریب افراد جاں بحق اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے تھے۔