مظفرگڑھ: دریائے چناب میں 5 نوجوان ڈوب کر لاپتہ، ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری
Noانسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم، 25 ریسکیورز اور 12 ڈائیورز آپریشن میں مصروف، لاپتہ نوجوانوں کی شناخت سامنے آ گئی
مظفرگڑھ( امید نیوز ) روہیلانوالی کے قریب گانگا والا پتن کے مقام پر دریائے چناب میں پکنک منانے کے دوران ڈوب کر لاپتہ ہونے والے 5 نوجوانوں کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عبیداللہ خان کی زیرِ نگرانی موقع پر انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کر دی گئی ہے۔ سرچ آپریشن میں 25 ریسکیورز، 13 سوئمرز، 12 ڈائیورز اور 2 ریسکیو بوٹس حصہ لے رہی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک نوجوان کو ڈوبتا دیکھ کر اسے بچانے کی کوشش میں مزید 4 نوجوان بھی گہرے پانی میں بہہ گئے۔
لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 18 سالہ ملک احسن، 19 سالہ محمد علی، 20 سالہ رانا عبدالرحمان، 22 سالہ رانا عثمان اور 26 سالہ محمد مکی کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں انسیڈنٹ کمانڈر کی دیکھ بھال میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔