میاں بیوی کے جھگڑے میں مناتا کون؟ کیپٹن صفدر کا دلچسپ انکشاف
مریم نواز کے شوہر کا اعتراف: معمولی اختلافات میں پیش قدمی اہلیہ کی طرف سے ہوتی ہے
لاہور (امید نیوز) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان معمولی جھگڑوں کی صورت میں منانے کی پیش رفت مریم نواز کی جانب سے ہی ہوتی ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر حال ہی میں یوٹیوب چینل ٹاک شاک کے انٹرویو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے سیاسی اور ذاتی موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ مریم نواز پر حکم نہیں چلاتے۔ ان کے مطابق دونوں کا رشتہ ادب، احترام اور عزت پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی شادی کو 35 سال ہو چکے ہیں، تین بچے اور نواسے نواسیاں بھی ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر نے پنجاب کابینہ کا حصہ نہ بننے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعلیٰ مریم نواز آتی ہیں تو سب کو احتراماً اٹھنا پڑتا ہے، وہ کیوں اٹھیں۔
مریم نواز سے جھگڑے کے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ دونوں کے درمیان بہت معمولی نوعیت کے اختلافات ہوتے ہیں اور ایسی صورتحال میں پیش رفت مریم نواز کی طرف سے ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گھر میں میٹھا آتا ہے تو مریم نواز کہتی ہیں کہ اسے چھپا دو، ورنہ صفدر سارا کھا جائیں گے اور طبیعت خراب ہو جائے گی۔