“ون پنجاب، ون سٹینڈر” صوبہ اب ایک رنگ اور ایک معیار سے پہچانا جائے گا:مریم نواز

Maryam Nawaz4

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر اور اربن ڈیزائن کی سٹینڈرائزیشن کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔ اجلاس میں یکساں ترقی اور ڈسپلن کے فروغ کیلئے “ون پنجاب، ون سٹینڈر” پالیسی اپنانے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کی ہر شاہراہ، فٹ پاتھ اور سائن بورڈ ایک ہی خوبصورت اور معیاری ڈیزائن کے مطابق تیار کیے جائیں گے، جبکہ ہر روڈ، گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ کو عالمی معیار کے یکساں سانچے میں ڈھالا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام سکول، ہسپتال، بس سٹاپ اور دیگر سرکاری عمارتوں کے ڈیزائن اور سہولیات کو بھی سٹینڈرائز کیا جائے تاکہ پنجاب ایک مربوط اور جدید شناخت کے ساتھ ابھرے۔

اجلاس میں انفراسٹرکچر کی سٹینڈرائزیشن اور اربن ڈیزائن کیلئے خودمختار اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ روڈز کے کنارے کیاسک اور چھوٹی دکانوں کے کیبن کے یکساں ڈیزائن مقرر کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سٹینڈرائزڈ ڈیزائن مینول تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اب ایک رنگ اور ایک معیار سے پہچانا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر گلی سگھڑ، ہر شاہراہ دیدہ زیب اور ہر ادارہ نظم و ضبط کا شاہکار ہوگا۔

اجلاس میں متعلقہ حکام نے انفراسٹرکچر سٹینڈرڈائزیشن کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے