مظفرگڑھ: کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کی کارروائی، شدید فائرنگ کا تبادلہ، ایک کنسٹیبل زخمی
قانون کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ؛ ڈی پی او مظفرگڑھ
مظفرگڑھ: کچہ علی پور کے علاقے میں دو بار ناکام دراندازی اور بھاری نقصان کے بعد ڈاکوؤں نے تیسری بار حملے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے سرکی کے مقام پر انہیں گھیرے میں لے لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک پولیس کنسٹیبل بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ تاہم، کنسٹیبل کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ڈی پی او مظفرگڑھ ڈاکٹر محمد رضوان خان اور ڈی پی او راجن پور فاروق امجد فوری طور پر کچہ کے علاقے میں پہنچ گئے، جہاں انہوں نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی۔ پولیس کی جانب سے جدید اسلحہ اور سازوسامان کے ساتھ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی جاری ہے، جبکہ فرار کے تمام ممکنہ راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ راجن پور اور مظفرگڑھ پولیس نے علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔
ڈی پی او مظفرگڑھ ڈاکٹر محمد رضوان خان نے واضح کیا کہ ’’ریاست کے قانون کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔‘‘ پولیس کے ترجمان کے مطابق، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیزی سے جاری ہے اور انہیں شکست دیے بغیر کارروائی جاری رہے گی۔