مظفرگڑھ: لائسنس داران کے وفد نے میپکو انتظامیہ سے ملاقات کی، محرم کی تیاریوں پر تبادلہ خیال
مظفرگڑھ : سپرنٹنڈنگ انجینئر ساجد حسین نے یقین دلایا: "تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر بجلی کے نظام کی نگرانی کی جائے گی

امید نیوز مظفرگڑھ – میپکو سرکل مظفرگڑھ نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور ممکنہ ایمرجنسیز سے نمٹنے کے لیے جامع انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل مظفرگڑھ، انجینئر ساجد حسین نے بتایا کہ جلوسوں، تعزیوں کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں کے قریب بجلی کے نظام کی درستگی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میپکو کے تمام ایکسین اور ایس ڈی اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ رابطہ میں رہیں تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری حل کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے لائسنس داران اور منتظمین کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد نے میپکو سے متعلق کچھ مسائل کی نشاندہی کی، جنہیں فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر نے مزید کہا کہ فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ٹرانسفارمرز اور ٹرالیاں تیار حالت میں رکھیں تاکہ کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری تبدیلی کرکے بجلی کی بحالی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام شکایات سنٹرز اور کسٹمر سروسز پر عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا تاکہ شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو۔
انہوں نے لائن سٹاف کو بھی ہدایت کی کہ وہ کام کے دوران حفاظتی قوانین کا سختی سے خیال رکھیں اور ٹی اینڈ پی کا استعمال یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ایکسین میپکو ڈویژن مظفرگڑھ انجینئر تفسیر عباس، ایس ڈی او میپکو سب ڈویژن مظفرگڑھ اکرم گوپانگ اور ایس ڈی او سب ڈویژن سیکنڈ مظفرگڑھ اعظم سُرانی بھی موجود تھے۔