دہی بھلے میں چھپکلی! مظفرگڑھ کی مشہور دکان سیل، انتظامیہ نے بھاری جرمانہ عائد کردیا

dahi bhale

مظفرگڑھ میں دہی بھلے سے چھپکلی نکلنے کا واقعہ: فوڈ اتھارٹی کی فوری کارروائی

امید نیوز – مظفرگڑھ شہر کے طباخیان چوک پر واقع ایک مشہور دہی بھلے کی دکان سے تیار شدہ کھانے میں چھپکلی نکلنے کے سنگین واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دکان کو سیل کر دیا اور بھاری جرمانہ عائد کیا۔

نجی بینک کے عملے نے دہی بھلے منگوانے کے دوران اس میں چھپکلی موجود پائی، جس پر شہریوں نے فوڈ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو اطلاع دی۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قرۃ العین میمن اور ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی نے ہدایات جاری کیں، جس کے بعد فوڈ سیفٹی ٹیم نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیم نے دہی بھلے کی دکان کا معائنہ کیا۔
دوکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
دہی بھلے سمیت دیگر فاسٹ فوڈ آئٹمز میں استعمال ہونے والے اجزاء کے نمونے لیے گئے، جنہیں لیبارٹری میں ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ہم نے دکان کو بند کرنے کے علاوہ مزید قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر قرۃ العین میمن نے زور دیا کہ خوراک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسی قسم کی لاپروائی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو پاکیزہ اور محفوظ خوراک فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء خریدنے یا کھاتے وقت احتیاط برتیں اور کسی بھی غیر معیاری یا مشکوک خوراک کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی یا متعلقہ اداروں کو دیں۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے شہر بھر میں دیگر فوڈ پوائنٹس کے جائزے اور نمونوں کی چیکنگ کا عمل تیز کر دیا ہے۔ مزید کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے