راولپنڈی: گھر میں سوئے ہوئے افراد پر فائرنگ کا واقعہ، باپ اور 2 بیٹے جاں بحق
راولپنڈی کے علاقے درکالی سیداں میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے گھر میں گھس کر سوئے ہوئے افراد پر فائرنگ کردی جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میں باپ اور 2 بیٹے شامل ہیں جن کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مقتولین کی شناخت مشتاق شاہ، عمران شاہ اور رضوان شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
سی پی اور خالد ہمدانی نے ایس پیی صدر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
دوسری طرف پولیس نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔