افغان طالبان کی بلااشتعال کارروائیوں کیخلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق، 58 طالبان ہلاک، کئی چوکیاں تباہ، 5 پر قبضہ کرلیا

l_428762_113317_updates

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نےنشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں، مزید 3 طالبان ہلاک کردیے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔

سکیورٹی فورسز نےکرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے اور مزید8 طالبان جنگجو ہلاک کردیے۔ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق 58 افغان طالبان ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوچکےہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق موثر جوابی حملوں میں 12پوسٹیں مکمل تباہ کردی گئی جبکہ 5 پر قبضہ کرلیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے، ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔

افغان طالبان کے سول آبادی پر حملے، خواتین سمیت 5 افراد زخمی
پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کر دیے جس میں خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے فائر کئے گئے گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گرد و نواح میں گرے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جس میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمی افراد کو خار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت، باجوڑ میں مسجدکو بھی نشانہ بنا ڈالا
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، افغان طالبان نے باجوڑ میں مسجد کو نشانہ بنایا ،افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے متاثرہوئے۔

پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کرکے قومی پرچم لہرادیا
پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کر لیا اور افغان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دیا ۔

پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے کہا کہ افغان طالبان سن لو ہم تمہیں بھرپور جواب دے کر دکھائیں گے کہ تم کس سے ٹکرائے ہو، افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے، اسی طرح ہم آئیں گے اور کابل کو بھی فتح کر لیں گے پھر تمہیں پتہ چلے گا کہ تم نے ہم سے کیسے پنگا لیا۔

پاک فضائیہ کے حملے شروع ، ننگرہار میں بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کردیا
پاک فضائیہ نے افغانستان پر حملہ کر دیا، ننگرہار کے اندر بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے ننگرہار میں بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کر دیا اور مزید حملے جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 3افغانی بٹالین اورسیکٹرہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ کردیے گئے۔ موثر جوابی کارروائی کے دوران 30سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز بھی تباہ کردیے گئے۔

افغان طالبان نے غلط اندازہ لگایا، وزارت اطلاعات پاکستان
اس سے قبل وزارت اطلاعات کا کہنا تھاکہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال کارروائی کی گئی ہے جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور فوری جواب دیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد کے متعدد مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ کے سیکٹرز میں افغان طالبان فورسز کو سخت جواب دیتے ہوئے بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔

افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا: طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاک افغان سرحد پر کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیےجائیں۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب زادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بھارت جس کے پاس فوج ، طیارے اور ہتھیار بھی تھے اس کی کیا حالت ہوئی ، پاکستان کے بازار اور مساجد میں بم دھماکے بالکل بھی برداشت نہیں ہوسکتے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے کسی بھی حد تک جائےگا، افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا، چین سے لےکر امریکا تک پوری دنیا کو افغانستان سے یہ شکایت ہے۔

افغان طالبان کو ہر گز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کے پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جاتا رہےگا، افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جھوٹا و بے بنیاد پرپیگینڈا کیا جارہا ہے، افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاونٹس کے پروپیگنڈے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہےکہ خوش فہمیوں پر مبنی ایسی تمام افواہیں خفت مٹانے کےلیے پھیلائی جارہی ہیں، عملی میدان میں شکست فاش کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پروپیگنڈا کا سہارا لے رہی ہے، افغان طالبان رجیم کو ہر گز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، الحمداللہ پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے اور تین جوان زخمی ہیں۔ پاکستان نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی، افغان طالبان رجیم کی فتنہ خوارج کے دفاع میں فائرنگ نے پوری دنیا کے سامنے انہیں بے نقاب کر دیا، افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہیے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔

پاکستان کی مٹی کاایک ایک ذرہ بنیان مرصوص بن کر لڑےگا، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کے بزدلانہ حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ خوارج، ان کےہینڈلرز اور سپورٹرز پہلےبھی ذلیل ہوئے اب بھی ذلیل ہوں گے، سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نےپلک جھپکتےہی دشمن کو منہ توڑجواب دیا، سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نےدشمن کا غرور خاک میں ملادیا، پاکستان کی مٹی کاایک ایک ذرہ بنیان مرصوص بن کر لڑےگا، پاکستان کی جغرافیائی حدود ہماری ریڈلائنز ہیں جوکراس کرےگا ذلیل ورسوا ہوگا۔

دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے قوم متحد ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے قوم متحد ہے، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وطنِ عزیز کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع ہمارا قومی فریضہ ہے، سکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے