پنجاب بھر میں ون ڈش اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شادیوں اور تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بلند آہنگ میوزک اور قوالی نائٹس سمیت تقریبات میں غیر قانونی طور پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے خلاف فوری کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔
حکام کے مطابق فارم ہاؤسز، گراؤنڈز اور کھلے مقامات پر بھی لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں فارم ہاؤسز اور دیگر بڑے مقامات پر ون ڈش کی پابندی یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو میرج ہالز کے مقررہ اوقات کار کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔