ارشاد العصر جعفری کی میزبانی میں پی ٹی وی نیشنل پر محرم الحرام کا خصوصی پروگرام "کربلا اے کربلا
مظفرگڑھ پاکستان کے نامور ادیب، دانشور اور 100 سے زائد علمی و ادبی تصانیف کے مصنف ارشاد العصر جعفری جن کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے ایک بار پھر قومی ٹیلی ویژن کے پلیٹ فارم سے محرم الحرام کے مقدس ایام کی معنویت کو اجاگر کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
امید نیوز – تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی نیشنل ملتان کا خصوصی پروگرام کربلا اے کربلا جو یکم سے دس محرم الحرام تک پی ٹی وی ہوم نیٹ ورک پر نشر ہوگا، اس سال بھی اپنے منفرد اسلوب، علمی گفتگو اور روح پرور مرثیوں کے باعث سامعین و ناظرین کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔
پروگرام کی کامیابی کے پیچھے پروڈکشن ٹیم کے دو اہم ستون پروڈیوسر وقار بٹ اور راؤ شان ذوالفقار کے پیشہ ورانہ اقدامات کارفرما ہیں، جنہوں نے اس روحانی پروگرام کو جدید ٹیکنالوجی اور روایتی انداز کا حسین امتزاج بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
پروگرام کی خاص بات اس سال مظفرگڑھ سے معروف مرثیہ خواں اور نوحہ خواں کی شرکت ہے جن میں عظیم المرتبت فنکار علی عاصم زیدی اور صادق نقوی خصوصی طور پر امام اعلی مقام کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور اپنے منفرد انداز میں واقعہ کربلا کے جذبات کو آواز کا جامہ پہنائیں گے۔
امید نیوز سے خصوصی بات چیت میں ارشاد العصر جعفری نے کہا کہ "یہ پروگرام محض ایک نشریاتی پروگرام نہیں بلکہ سید الشہداء امام حسینؑ کے پیغام کو عام کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ ہم نے اس سال بھی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے نئی نسل تک پیغامِ حق پہنچانے کی کوشش کی ہے۔”
سوشل میڈیا پر پہلے بھی اس پروگرام کو بے پناہ پذیرائی ملی تھی اور اس بار بھی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد #KarbalaAEKarbala کے ہیش ٹیگ کے تحت اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہے۔
یہ پروگرام روزانہ شام 8:30 بجے پی ٹی وی ہوم پر براہ راست نشر ہوگا جبکہ پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہوگا۔