ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او مظفرگڑھ نے محرم الحرام کے انتظامات کا جامع جائزہ لیا
مظفرگڑھ: محرم الحرام کی مناسبت سے شہر بھر میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر انجنیئر قراۃ العین میمن نے اہم دورے کیے۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد اور اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجراہ بھی موجود تھے۔

اداریہ ٹیم نے ٹبی حسین آباد اور مرکزی امام بارگاہ کا دورہ کرکے محرم کے جلوس کے ممکنہ روٹس اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ "صفائی ستھرائی کے حوالے سے مثالی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بہترین سہولیات میسر آسکیں۔”
انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ "محرم الحرام میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے گزارش ہے کہ وہ رواداری، پیار و محبت اور باہمی افہام و تفہیم کا ماحول قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔”
ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد نے سیکورٹی کے "فول پروف”انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ "محرم کے دوران کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ مکمل طور پر چوکس ہے۔”
اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات دی گئیں کہ وہ جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کنٹرول، صفائی، پانی کی فراہمی اور طبی امداد کے لیے بھرپور تیاری کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ "عوامی تعاون سے ہم محرم الحرام کو پرامن اور منظم طریقے سے گزارنے میں کامیاب ہوں گے۔”
یہ دورہ محرم الحرام کی مناسبت سے کیے جانے والے خصوصی انتظامات کا حصہ تھا، جس کا مقصد شہریوں کو پر سکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔