ڈسٹرکٹ بار مظفرگڑھ کو ریکارڈ گرانٹ جاری
مظفرگڑھ بار ایسوسی ایشنز کو ریکارڈ گرانٹ جاری، وکلاء کالونی کے لیے کام کا یقین
امید نیوز – لاہور پنجاب حکومت نے ضلع مظفرگڑھ کی بار ایسوسی ایشنز کو تاریخی گرانٹ جاری کر دی ہے۔ وزیر قانون ملک صہیب بھرتھ اور پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ نے لاہور میں مظفرگڑھ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو 50 لاکھ روپے جبکہ تحصیل بار ایسوسی ایشنز کوٹ ادو، جتوئی اور علی پور کو 25-25 لاکھ روپے کے چیکس دیے۔
اس موقع پر مظفرگڑھ بار کے صدر قیوم خان دستی اور جنرل سیکرٹری فہیم اختر بھٹی موجود تھے۔ اجمل خان چانڈیہ نے وکلاء کالونی کے قیام کا مطالبہ دہرایا جس پر وزیر قانون ملک صہیب بھرتھ نے فوری طور پر کام شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بار ایسوسی ایشنز کو بلا تفریق گرانٹ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ضلع اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے لیے خصوصی گرانٹ جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کالونی مظفرگڑھ کے وکلاء کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کی تکمیل کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری نے زور دے کر کہا کہ بطور ممبر بار ایسوسی ایشن ان کی کوشش ہے کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرانٹس وکلاء کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اس تقریب میں ضلع اور تحصیل بار کے متعدد عہدیداران اور وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی جنہوں نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو وکلاء برادری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔