ٹائی ٹینک سے بچ جانے والی مسافر کی لائف جیکٹ 25 کروڑ روپے میں نیلام

Life jacket

1912 میں ڈوبنے والے بحری جہاز ٹائی ٹینک پر سوار ایک مسافر کی لائف جیکٹ ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوئی ہے۔

برطانیہ میں ایک آکشن ہاؤس ہنری ایلڈرج اینڈ سن کی جانب سے ٹائی ٹینک ڈوبنے کے بعد بچنے میں کامیاب ایک مسافر کی لائف جیکٹ 9 لاکھ 4 ہزار 500 ڈالرز (25 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام کی گئی۔

نیلامی سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ لائف جیکٹ 3 لاکھ 39 ہزار سے 4 لاکھ 74 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگی۔

یہ لائف جیکٹ لورا میبل نے ٹائی ٹینک ڈوبنے کے دوران پہنی تھی جو کہ اس بحری جہاز کے فرسٹ کلاس کیبن میں مقیم تھیں۔

خیال رہے کہ یہ جہاز اپریل 1912 میں اپنے اولین سفر پر برطانیہ سے امریکا جاتے ہوئے برفانی تودے سے ٹکرا کر بحر اوقیانوس میں ڈوب گیا تھا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

15 اپریل 1912 کو رات کے 2 بج کر 20 منٹ پر برطانیہ سے امریکا کی جانب اپنا پہلا سفر کرنے والا بحری جہاز ٹائی ٹینک نیو فاؤنڈ لینڈ کے ساحل سے لگ بھگ 400 میل دور برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا۔

ٹائی ٹینک تیار کرنے والوں نے اسے کبھی نہ ڈوبنے والا جہاز قرار دیا تھا اور یہ اپنے عہد کا سب سے پرتعیش بحری جہاز بھی تھا۔

ٹائی ٹینک کا حادثہ جب سے لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے اور اس پر سوار 700 افراد کو بچایا بھی گیا، مگر حیران کن طور پر حادثے کی جگہ کا اندازہ ہونے کے باوجود اس کا ملبہ 7 دہائیوں تک ڈھونڈا نہیں جا سکا تھا۔

لورا میبل (تصویر میں جس کے گرد سرکل بنا ہے) لائف بوٹ میں سوار مسافروں کے ساتھ / فوٹو بشکریہ ہنری ایلڈرج اینڈ سن

ایک وقت تو ایسا بھی تھا جب خیال کیا جارہا تھا کہ اسے کبھی دریافت نہیں کیا جاسکے گا، مگر حادثے کے 73 سال بعد اس کا ملبہ امریکی بحریہ کے عہدیدار اور اوشین گرافر (بحری جغرافیہ کے ماہر) رابرٹ بیلارڈ اور ان کی ٹیم نے دریافت کیا۔

لورا میبل ایک فیشن ڈیزائنر لوسی ڈف گورڈن کی سیکرٹری تھیں۔

وہ لوسی ڈف اور ان کے شوہر کے ساتھ ٹائی ٹینک پر سفر کر رہی تھیں اور تینوں ہی لائف بوٹ نمبر1 پر سوار ہوکر بچ گئے تھے۔

اس لائف جیکٹ پر لورا میبل اور لائف بوٹ پر سوار افراد نے دستخط موجود ہیں۔

یہ ٹائی ٹینک اور وائٹ اسٹار کی یادگار اشیا کی نیلامی کے پروگرام کے تحت نیلام کی گئی۔

آکشن ہاؤس کے مطابق یہ ٹائی ٹینک کی یادگار اشیا میں سے ایک ہے جسے نیلام کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹائی ٹینک 114 سال قبل ڈوب گیا تھا اور اس میں سوار ہر فرد کی ایک کہانی ہے اور یہ لائف جیکٹ بلاشبہ ایسی یادگار ہے جسے نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔

اسے خریدنے والے فرد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

اس سے قبل یہ جیکٹ بلفاسٹ میں ایک میوزیم میں موجود تھی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے