’’سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ‘‘، بڑی خبر آ گئی
کراچی: شہر قائد کے بڑے آتشزدگی واقعات میں سے ایک سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری مکمل ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس 17 جنوری کو ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی انکوائری مکمل کر لی ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن اپنی انکوائری رپورٹ 7 اپریل تک سندھ حکومت کو پیش کرے گا۔ اس حوالے سے کمیشن نے خط لکھ کر سیکرٹری قانون کو 7 اپریل کو طلب کیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن سیکریٹری قانون کو سیل شدہ رپورٹ اور ریکارڈ حوالے کرے گا۔
اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی۔ اب رپورٹ عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا اختیار حکومت سندھ کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ کے تین ہفتے بعد اس کی عدالتی تحقیقات کے لیے 10 فروری کو گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا تھا۔
حکومت سندھ نے جوڈیشل کمیشن کو تحقیقات کے لیے 8 ہفتوں کی مہلت دی تھی۔
واضح رہے کہ گل پلازہ آتشزدگی میں 80 کے قریب افراد زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ دکانداروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔