صوبہ بھر میں گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس کو سخت ہدایات جاری
صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے عباداتی دعائیہ پروگرامز کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سپروائزری افسران اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور تمام تر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔
مزید برآں ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں کو گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
آئی جی پنجاب نے تعینات پولیس اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔