امریکا میں دہشت گردی کا نیا خدشہ؟ داعش خراسان سے مبینہ تعلق پر تیسرا افغان شہری گرفتار
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) کے مطابق امریکا میں ایک اور افغان شہری کو داعش خراسان کو مادی مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گرفتار شخص کی شناخت جان شاہ شافی کے نام سے ہوئی ہے، جو 2021 میں سابق صدر جو بائیڈن کے آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکا پہنچا تھا.
ڈی ایچ ایس کے بیان کے مطابق جان شاہ شافی نہ صرف داعش خراسان کو مدد فراہم کرتا رہا بلکہ اس نے اپنے والد کے لیے بھی اسلحہ بھجوایا جو افغانستان میں ایک ملیشیا گروپ کے کمانڈر ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس نے عارضی تحفظ کی حیثیت (TPS) کے لیے درخواست بھی دی تھی، تاہم سیکریٹری ڈی ایچ ایس کرسٹی نوم کی جانب سے افغان شہریوں کے لیے TPS ختم کیے جانے کے بعد اس کی درخواست مسترد کر دی گئی۔