نئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی سرگرم عمل ؛ہسپتال، منڈی اور سیلابی بندوں کے دورے

DC mzg Usman Tahir Jappa

مظفرگڑھ کے نئے ڈپٹی کمشنر نے چارج سنبھالتے ہی فیلڈ میں متحرک کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ رات گئے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے اچانک دورے میں انہوں نے طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں کی غیرحاضری پر سخت نوٹس لیا۔ صبح سویرے فروٹ منڈی میں گراں فروشی کی روک تھام کے بعد انہوں نے ناجائز پیٹرول پمپس بند کروائے۔ وزیراعلیٰ کے ہدایات پر سیلابی بندوں کا معائنہ بھی کیا، جہاں انہوں نے محکموں کو پیشگی تیاریوں کی ہدایات جاری کیں۔

امید نیوز مظفرگڑھ — نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی فیلڈ میں متحرک کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے ضلع بھر میں عوامی سہولیات کی بہتری، گراں فروشی کے خلاف کارروائی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

ہسپتالوں کے اچانک دورے اور اصلاحات

ڈی سی عثمان طاہر جپہ نے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ کا غیرمتوقع دورہ کیا اور عام شہری کی حیثیت سے پروٹوکول سے ہٹ کر مریضوں اور ان کے لواحقین سے ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کے رویوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے سائیکل اسٹینڈ پر پرچی کی خود پڑتال کی اور اضافی پیسے وصولنے کی شکایات پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی کہ اگر مستقبل میں پرچی سے زائد رقم وصولنے کی شکایت موصول ہوئی تو سخت کارروائی ہوگی۔

صبح 4 بجے دوبارہ ہسپتال پہنچے تو دو ڈاکٹروں کی غیرحاضری اور ادویات کے اسٹاک میں خامیوں پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو دفتر طلب کر لیا۔ ڈی سی نے واضح کیا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن ہے، اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سبزی و فروٹ منڈی میں گراں فروشی کے خلاف کارروائی
ڈپٹی کمشنر نے صبح سویرے فروٹ اینڈ سبزی منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اجناس کی نیلامی کا جائزہ لیا اور منڈی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کیے۔

ناقانونی پیٹرول پمپس کی بندش
سفر کے دوران احمد خان چوک اور دوآبہ ریلوے پھاٹک پر ناجائز پیٹرول پمپس کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے، ڈی سی نے انہیں فوری بند کروایا اور سامان سرکاری تحویل میں لے لیا۔ مالکان کے خلاف سول ڈیفنس افسران کو استغاثہ دینے کی ہدایت کی گئی۔

سیلابی بندوں کا معائنہ اور تیاریاں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی سی نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے رنگ پور کینال سپر بند، مرادآباد فلڈ بند، دوآبہ فلڈ بند، سنکی فلڈ بند، بیٹ میر ہزار فلڈ بند اور لنڈی پتافی کا دورہ کیا۔ محکمہ انہار کے افسران نے بریفنگ دی، جس کے بعد ڈی سی نے تمام محکموں کو ہر قسم کے سیلابی خطرات کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی۔

ان دوروں کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے