میپکو سرکل مظفرگڑھ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر نے افسران و ملازمین کی کارکردگی کو سراہا

سپرنٹنڈنگ انجینئر ساجد حسین گوندل نے میٹنگ کے دوران افسران و ملازمین کی محنت کو سراہتے ہوئے بجلی چوری، لائن لاسز میں کمی اور نادہندگان سے وصولی کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے پر زور دیا۔
امید نیوز- مظفرگڑھ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) سرکل مظفرگڑھ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر انجینئر ساجد حسین گوندل نے افسران اور ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار محنتی اور دیانتدار عملے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور ملازمین کی لگن اور محنت کی وجہ سے ہی ادارے کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔
انجینئر گوندل نے میپکو میں بجلی چوروں کے خلاف کامیاب آپریشنز، نادہندگان سے وصولی، لائن لاسز میں نمایاں کمی اور شاندار کارکردگی پر سرکل مظفرگڑھ کے افسران اور ملازمین کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں بھی افسران اور ملازمین اسی طرح بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطرناک مقامات کی درستگی، بے ہنگم تاروں کی تبدیلی اور سسٹم کی بہتری کے لیے ایل ٹی اور ایچ ٹی پروپوزلز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے آپریشنل افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ خراب اور جلنے والے میٹرز کو ایم ڈی ٹی میں بروقت بھیجیں تاکہ لیبارٹری میں ان کا جائزہ لے کر صارفین کے یونٹس ایڈجسٹ کیے جا سکیں۔
انجینئر گوندل نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن اور میپکو کے نادہندگان کے خلاف مہم کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی اوز اور ایکسین کو نادہندہ صارفین سے واجب الادا رقم کی وصولی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ صارفین ہماری اولین ترجیح ہیں اور ان کی شکایات کا کم سے کم وقت میں ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے اندراج اور ازالے کے لیے ہر سطح پر قائم شکایات سنٹرز کو الرٹ رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انجینئر گوندل نے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل میپکو سرکل مظفرگڑھ انجینئر فرقان زکریا، ڈپٹی کمرشل منیجر میپکو سرکل مظفرگڑھ ارشاد حسین سیال، ایکسین میپکو ڈویژن مظفرگڑھ انجینئر تفسیر عباس اور دیگر افسران و سٹاف کے ساتھ میٹنگ کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایمرجنسی زندگی سے بڑھ کر نہیں ہے، ہمیشہ اپنا خیال رکھیں۔ انہوں نے سب ڈویژنل لائن سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مرمتی کاموں اور فیلڈ میں کام کرنے سے قبل ٹی اینڈ پی کا استعمال یقینی بنائیں اور پی ٹی ڈبلیو کے بغیر ہرگز کام نہ کریں۔