مظفرگڑھ معذور افراد کے لیے معاون آلات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد
مظفرگڑھ (امید نیوز) – محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں معذور افراد کے لیے معاون آلات کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن محمد اجمل خان چانڈیہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ریاستی معاملات میں "ماں جیسا” جذبہ دکھایا ہے اور معذور افراد کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاون آلات سے معذور افراد کی روزمرہ زندگی آسان ہوگی اور انہیں معاشرے میں خودمختار بنانے میں مدد ملے گی۔
پارلیمانی سیکرٹری محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ پنجاب حکومت معذور شہریوں کی بھرپور حمایت کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں سوشل ویلفیئر کے شعبے میں انقلابی اقدامات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور حکومت ان کی ضروریات کو ترجیح دے رہی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ اس تقریب میں 82 وہیل چیئرز، 28 چھڑیاں، 14 واکرز اور 6 بیساکھیاں تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت اس مالی سال میں معذور افراد کو سکوٹیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
تقریب میں مقامی رہنماؤں اور سماجی کارکنوں نے بھی شرکت کی، جن میں ملک خیر محمد بدھ، ام کلثوم سیال، ملک جاوید اختر اور ناظم بلوچ شامل تھے۔ شرکاء نے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی اور معذور افراد کی مدد کے لیے عوامی سطح پر بھی تعاون کی اپیل کی۔
معاون آلات حاصل کرنے والے افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور محکمہ سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا، جبکہ تقریب کا اہتمام کرنے والے افسران کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔