میپکو سرکل مظفرگڑھ کی جانب سے محرم الحرام کے لیے خصوصی انتظامات
مظفرگڑھ (امید نیوز) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے سرکل مظفرگڑھ نے محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے جامع اقدامات کر لیے ہیں۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل مظفرگڑھ، انجینئر ساجد حسین گوندل نے بتایا کہ عاشورہ کے موقع پر تمام سب ڈویژنل، ڈویژنل اور سرکل شکایات سنٹرز اور کسٹمر سروسز سنٹرز میں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا تاکہ کسی بھی قسم کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو بجلی سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گی۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر نے خود میپکو ڈویژن کوٹ ادو کا دورہ کرتے ہوئے مختلف امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا اور بجلی کی تنصیبات کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میپکو ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ محرم کے دوران انتہائی مستعدی سے خدمات انجام دیں تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔
انجینئر ساجد حسین گوندل نے امام بارگاہوں، مجالس اور عزاداری جلوسوں کے منتظمین سے بھی اپیل کی کہ وہ میپکو کی خصوصی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ بجلی کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ لائن سٹاف کو کام کے دوران حفاظتی قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہوگا اور ٹی اینڈ ڈی کا استعمال یقینی بنانا ہوگا۔
اس موقع پر ایکسین میپکو ڈویژن کوٹ ادو انجینئر عبدالواحد، ایس ڈی او آفس میپکو ڈویژن کوٹ ادو خان محمد اور دیگر اہلکاران بھی موجود تھے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے تمام ایکسین اور ایس ڈی اوز کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔