مظفرگڑھ: محرم الحرام 2025 کی تیاریاں مکمل ؛ ڈپٹی کمشنر
مظفرگڑھ: محرم الحرام 2025ء کی تیاریاں مکمل، ڈپٹی کمشنر نے امن و سلامتی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے
امید نیوز – ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قرۃ العین میمن نے محرم الحرام 2025ء کی تیاریوں کے حوالے سے ویڈیو بنانے دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے اس مقدس مہینے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی اور ڈسٹرکٹ پیس کمیٹی کے اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت بھی کی جا چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں بجلی اور روشنیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور یکم محرم الحرام سے قبل تمام مرمت کے کام مکمل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ساڑھے پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو محرم کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
قرۃ العین میمن نے مظفرگڑھ کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والی امن کانفرنس کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کانفرنس میں علماء، مشائخ اور تمام مکاتب فکر کے نمائندوں نے شرکت کی اور امن و رواداری کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی مظفرگڑھ میں محرم الحرام کو پرامن اور پر وقار انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری اداروں کو 24 گھنٹے بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ سیٹی پلسٹیشنز اور ایمبولینس سروسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر افواہوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی سیل بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوششوں سے یہ مقدس مہینہ پرامن اور عظمت کے ساتھ گزرے گا۔