محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات؛ سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ ہوگی

mohsin-naqvi-moharram-meeting1750827463-0-600x450

اسلام آباد: ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔

وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے ایام میں امن و امان برقرار رکھنے، جلوسوں اور مجالس کی حفاظت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے احکامات دیے اور ہدایت کی کہ فول پروف سکیورٹی کے لیے سیف سٹی کے تحت ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے درجاتی حصار قائم کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے جامع ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے کھانے پینے کے انتظامات کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں شفٹوں میں تعینات کیا جائے تاکہ وہ مستعدی سے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن سکیورٹی انتظام یقینی بنایا جائے۔

امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے قریبی رابطے رکھنے پر بھی زور دیا گیا اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو لازمی قرار دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد نے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں محرم کے دوران 181 جلوس اور 965 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اے ڈی سی جی، ڈی آئی جیز، تمام ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے