پاکستان ہاکی ٹیم نیشنز کپ میں سلور میڈل جیت کر وطن واپس پہنچ گئی

ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی قومی ہاکی ٹیم ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔
اتوار کے روز قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچے جہاں پنجاب ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں کے اہلخانہ نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اسٹاف نے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے تاہم، کوئی حکومتی عہدیدار ٹیم کے استقبال کے لیے موجود نہ تھا۔
قومی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دکھائی۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔
ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے "سما” سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کھلاڑیوں نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی، لیکن فائنل میں وہ توقعات کے مطابق نہ کھیل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت قومی کھیل ہاکی پر توجہ دے تو مستقبل میں ٹیم عالمی ایونٹس میں کامیابیاں سمیٹ سکتی ہے۔
کھلاڑیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی کھیل کو ترقی دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ پاکستانی ہاکی دوبارہ عالمی سطح پر اپنا مقام بنا سکے۔