مظفرگڑھ: بجلی چوروں کے خلاف میپکو کا گرینڈ آپریشن
میپکو مظفرگڑھ کا بجلی چوروں اور نادہندہ صارفین کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری
امید نیوز – مظفرگڑھ: سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل مظفرگڑھ، انجینئر ساجد حسین گوندل نے ہدایت جاری کی ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی اور واجبات کی وصولی کی مہم میں کوئی رعایت نہ برتی جائے، چھٹی کے دن بھی آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکوسپورٹ یونٹ کے رینجرز اور پولیس کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، نادہندہ صارفین کے کنکشن کاٹے جائیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ واجبات کی وصولی میں ناکامی پر متعلقہ افسران اور سٹاف کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

لائن لاسز کم کرنے اور سسٹم کی بہتری کے اقدامات
سپرنٹنڈنگ انجینئر نے خطرناک مقامات کی درستگی، بے ہنگم تاروں کی تبدیلی اور نظام کی بہتری کے لیے ایل ٹی پروپوزلز کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لائن سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور سیفٹی گیئرز کا استعمال یقینی بنائیں۔

سیفٹی پریڈز اور عملے کی تربیت
انجینئر ساجد حسین گوندل نے کہا کہ لائن سٹاف کی تربیت اور حفاظتی شعور بڑھانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سیفٹی پریڈز کا اہتمام کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "اپنی زندگی، خاندان اور بچوں کے مستقبل سے سمجھوتہ نہ کریں، مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کریں۔”
صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل میپکو سرکل مظفرگڑھ انجینئر فرقان زکریا، ڈپٹی کمرشل منیجر ارشاد حسین سیال، ایکسین میپکو ڈویژن علی پور ذاکر حسین دھانی، اور دیگر افسران موجود تھے۔
میپکو کے اس گرینڈ آپریشن کا مقصد بجلی چوری روکنا، واجبات کی بروقت وصولی یقینی بنانا اور صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنا ہے۔