مظفرگڑھ میں امن کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ مل کر کام کریں گے: اسسٹنٹ کمشنر
مظفرگڑھ میں مستقل امن کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ
امید نیوز – مظفرگڑھ اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عرفان ہنجرا نے کہا ہے کہ شہر میں مستقل امن قائم کرنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے تحصیل سطح پر امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا اور کسی بھی شر پسند عنصر کو امن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں ڈی ایس پی ثناء اللہ کے علاوہ تحصیل مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے شرکت کی، جن میں مولانا عبدالمعبود آزاد، ابو ہریرہ، غضنفر عباس نقوی، اختر بخاری، جاوید اختر ملک اور طارق شریف شامل تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے محرم الحرام سے قبل تمام جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرنے، راستوں پر قائم تجاوزات کو فوری ہٹانے، تعمیر و مرمت کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے اور رات کے وقت لائٹنگ کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی خرابی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
علماء کرام نے مظفرگڑھ میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر اور ملک سب کا ہے، اس لیے امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عاشورہ محرم کے دوران ہر فرد سے مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی تاکہ شہر میں پُرامن ماحول برقرار رہے۔
اجلاس میں مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی جن کو فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ تمام شرکاء نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی خرابی کی صورت میں فوری اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔