مظفرگڑھ میں ملاوٹی دودھ کی سپلائی ناکام، 2 ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ تلف
مظفرگڑھ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ کی سپلائی کو ناکام بنا دیا۔ 17 جون کو ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی کی زیرقیادت فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھٹہ پور فلائی اوور کے قریب چیکنگ کے دوران چار گاڑیوں کا معائنہ کیا، جس کے نتیجے میں دو ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ ضبط کر لیا گیا۔ یہ دودھ موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ متعلقہ گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹ میں دودھ میں فیٹ اور دیگر غذائی اجزاء کی کمی پائی گئی، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس کارروائی کے دوران دو سپلائرز کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے۔ گاڑیوں کے مالکان پر سترہ ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ملاوٹی دودھ کی سپلائی روکنے کے لیے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دودھ ایک مکمل غذا ہے اور اس میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فوڈ سیفٹی آفیسر محمد عاصم جاوید نے بتایا کہ مسلسل ریکی کے بعد یہ گاڑیاں پکڑی گئیں اور ہزاروں لیٹر غیر معیاری دودھ ضائع کر دیا گیا، جو عوام تک پہنچنے سے رک گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ دودھ میں ملاوٹ کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر معیاری خوراک کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو دیں۔