ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ سنتِ ابراہیمی کی یاد میں لاکھوں مسلمان نماز عید ادا کرنے کے بعد قربانی کی عبادت میں مصروف ہیں۔
صبح کا آغاز نمازِ عید کے بڑے بڑے اجتماعات سے ہوا، جو مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد کیے گئے۔
اسلام آباد میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ شاہ فیصل مسجد سمیت شہر کی مختلف مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں میں نمازِ عید کے روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ نماز کے اختتام پر افواجِ پاکستان، قومی سلامتی، اور ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
لاہور میں دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں چیئرمین نظریاتی کونسل راغب نعیمی کی امامت میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی گئی، جامعہ میں بڑی اجتماعی قربانی کا انتظام کی گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق صوبے بھر میں اسپیشل پولیس، کیو آر ایف ٹیمیں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں جبکہ لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر 6 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں۔
ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں تین روز تک لاکھوں افراد جانوروں کی قربانی کریں گے، جو سنتِ ابراہیمی کی یاد اور اللہ کی رضا کی علامت ہے۔
قربانی کے بعد لوگ قربانی کے بعد گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کر رہے ہیں تاکہ عید کی خوشیاں سب کے ساتھ بانٹی جا سکیں۔
صفائی و ستھرائی کے حوالے سے میونسپل اداروں نے خصوصی پلان ترتیب دیا ہے۔ قربانی کی آلائشیں اور کچرا بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ صفائی کے نظام کو مؤثر رکھا جا سکے۔