مظفرگڑھ میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات
مظفرگڑھ میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات پر زور
مظفرگڑھ (امید نیوز ) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قرۃ العین میمن نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی نے خطے کے موسمیاتی حالات کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں زلزلے، سونامی، طوفان اور بے موسم بارشوں جیسی آفات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری، پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی جیسے اقدامات سے ہی ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجرا، ڈی او ماحولیات عبدالروف، سی ای او تعلیم ماہ جبین، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالرحمٰن اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
عملی اقدامات کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر فرد کو شجرکاری کا عہد کرنا ہوگا اور پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے سول سوسائٹی کے تعاون سے ہر محلے میں "چینج ایجنٹس” مقرر کرنے کی ہدایت کی، تاکہ ماحولیاتی تحفظ کا پیغام ہر گھر تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ایک واضح تبدیلی لانی ہے جو پورے صوبے کیلئے مثال بنے۔
5 جون کیلئے خصوصی پروگرامز
اجلاس میں 5 جون، عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرامز کو حتمی شکل دی گئی، جن میں شامل ہیں:
– صبح 7 بجے شہر بھر کی صفائی مہم
– مرکزی شاہراہوں پر ماحولیاتی آگاہی کے بینرز آویزاں کرنا
– ڈپٹی کمشنر آفس میں کانفرنس کا انعقاد
– آگاہی واک، شجرکاری مہم اور کپڑے کے تھیلے تقسیم کرنا
– فضل کلاتھ ملز میں سیمینار اور اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ
– عوام سے ماحول کو صاف رکھنے کیلئے عہد نامے پر دستخط لینا
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اسی طرح کے اقدامات کریں گے، جبکہ پارلیمنٹیرینز سے بھی اس مہم میں مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا: یہ وقت عملی اقدامات کا ہے—ہم سب کو مل کر ماحول کو آلودگی سے پاک بنانا ہوگا۔