لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی صداؤں کے ساتھ مناسک حج 1446ھ کا آج سے آغاز
مکہ مکرمہ:لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی روح پرور صداؤں کے ساتھ مناسکِ حج 1446ھ کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ کو ہو رہا ہے۔۔
پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں عازمینِ حج منیٰ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی کی جانب روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ آج کا دن عبادات، دعا اور استغفار میں گزاریں گے۔
اس سال مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کی شرکت متوقع ہے، جن میں لاکھوں مقامی اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔
مناسکِ حج کے پہلے روز حجاج کرام منیٰ میں قیام کریں گے، جب کہ کل 9 ذوالحجہ کو وہ رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کے لیے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔
میدانِ عرفات میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے اور نمازِ ظہر و عصر کی امامت کریں گے۔
مقامات مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ اسپتال، ڈسپنسریاں اور عارضی کلینکس قائم کیے گئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے 8 ایئر ایمبولینس بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان حج مشن نے پاکستانی عازمین کے لیے مخصوص مکاتب میں طبی سہولیات مہیا کی ہیں۔