مظفرگڑھ کا سپوت رائل آرچرڈ واقعہ میں جاں بحق: 15 سالہ وسیم کے لیے فوری انصاف کا مطالبہ
رات ڈھائی بجے وسیم کا نمازِ جنازہ ادا؛ بیوہ ماں اور 8 سالہ بھائی کا اکلوتا سہارا ختم، ورثاء کا سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ
ملتان (امید نیوز ڈیسک) ملتان کے علاقے رائل آرچرڈ میں پیش آنے والے ایک انتہائی افسوسناک اور دردناک واقعے میں 15 سالہ نوجوان وسیم جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور انتظامیہ سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
امید نیوز کی اطلاعات کے مطابق، 15 سالہ وسیم کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا اور اس کے والد کا انتقال 2015 میں ہو چکا تھا اور وہ گزشتہ 8 سال سے ایک نجی یتیم خانے میں رہائش پذیر رہتے ہوئے الیکٹریشن کا کام سیکھ رہا تھا تاکہ اپنی بیوہ والدہ اور 8 سالہ چھوٹے بھائی کا سہارا بن سکے۔ ورثاء کے مطابق، واقعے کے بعد وسیم کی نمازِ جنازہ رات ڈھائی بجے ادا کی گئی، جبکہ زخموں کی شدت کی وجہ سے اس کا چہرہ ناقابلِ شناخت ہو چکا تھا اور اہلِ خانہ آخری دیدار بھی نہ کر سکے۔
امید نیوز کی اطلاعات کے مطابق، اس دردناک واقعے پر مقامی شہریوں اور متاثرہ خاندان نے حکومتِ پنجاب، پولیس اور عدالتی حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ ورثاء نے مطالبہ کیا ہے کہ رائل آرچرڈ اور اطراف کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج فوراً محفوظ کی جائے، گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ ایک غریب اور بے سہارا خاندان کو انصاف مل سکے۔