ٹی 20 ورلڈکپ: سری لنکا کی کیویز کیخلاف بڑے مارجن سے شکست، پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا
کولمبو: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان کیلئے سیمی فائنل کا سفر انتہائی مشکل کر دیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے سپر 8 مرحلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر 47 اور میکونچی 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پرصرف 107 رنز بناسکی۔ یوں کیویز نے 61 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
مسلسل دو شکست کے بعد سری لنکن ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی اور ساتھ ہی پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا۔
سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس3.05 ہوگیا جبکہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46 ہے۔
نیوزی لینڈ گروپ میں آخری میچ جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اپنا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔
نیوزی لینڈ ٹیم انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا۔
Pakistan’s qualification hangs by a thread:
They need a huge win over Sri Lanka and hope England beat New Zealand#umeednews#T20WorldCup #SLvNZ #Cricket pic.twitter.com/xXFIPupnMW
— Umeed News (@UmeedNews) February 25, 2026
انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد بھی پاکستان کو سری لنکا سے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہوگا۔
اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں کوالیفائی کر چکی ہے۔