ڈی پی او مظفرگڑھ کا رات گئے اہم بندوں کا دورہ، پانی میں کمی حوصلہ افزا

ڈی پی او مظفرگڑھ کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، عوام کے تحفظ کا یقین دلایا
مظفر گڑھ: ڈی پی او مظفر گڑھ سید غضنفر علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب کی اس مصیبت کی گھڑی میں پنجاب پولیس اور انتظامیہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مظفر گڑھ کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رات گئے سیلاب سے متاثرہ اہم مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او نے دو آبہ بند، ٹھٹھہ سیالاں بند، سنکی اور چناب پل کے انتہائی اہم مقامات کا معائنہ کیا اور نگرانی کے عمل کو مستحکم بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران انہوں نے صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
ڈپٹی کمشنر سید غضنفر علی شاہ نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پانی کی سطح میں آنے والی کمی حوصلہ افزا ہے۔ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جائے۔ ہم کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے آبادی کو نقصان پہنچے، نہ ہی کوئی بند توڑا جائے گا اور نہ ہی جلد بازی میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ تمام اقدامات احتیاط کے ساتھ اٹھائے جا رہے ہیں۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اداروں پر بھروسہ رکھیں اور پریشان نہ ہوں۔ انتظامیہ ہر لمحہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کوئی بھی قدم احتیاط کے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے۔